Informasjon på urdu

اردو میں معلومات

والدین کے لیے بارنے ہاگے میں والدین کے سروے کے بارے میں معلومات

بارنے ہاگے میں والدین کے سروے سے کیا مراد ہے؟

سروے کا مقصد یہ ہے کہ والدین  اس بارے میں اپنی راۓ دے سکیں کہ وہ بارنے ہاگے کی پیشکش اور بارنے ہاگے میں بچوں کی فلاح کو کیسا پاتے ہیں۔ سروے بارنے ہاگے اور اس کے مالک کو یہ معلومات دے گا کہ والدین بارنے ہاگے کی پیشکش سے کتنے مطمئن ہیں۔

بارنے ہاگے میں والدین کا سروے آپکو اپنے بچے کی فلاح، گھر اور بارنے ہاگے کے درمیان تعاون اور بارنے ہاگے کے دوسرے معاملات میں اپنی راۓ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ سروے کو اولّین طور پر بارنے ہاگے کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جاۓ گا۔ اس کے نتائج بارنے ہاگے کی پیشکش کے بارے میں بارنے ہاگے اور والدین کے درمیان مکالمے کی بنیاد بنیں گے۔

 

سروے بارنے ہاگے بھیجتا ہے۔ سروے کا جواب دینا آپکی مرضی پر منحصر ہے تاہم ہمیں امید ہے کہ آپ جواب دیں گے تاکہ آپ بارنے ہاگے کو بہتر بننے میں مدد دے سکیں۔ اگر آپ بعض سوالات کا جواب نہ دینا چاہیں تو آپ انہیں چھوڑ کے آگے بڑھ سکتے ہیں۔

 

سروے میں 30 کے قریب سوالات ہیں اور جواب دینے میں 5 منٹ کے قریب وقت لگتا ہے۔

 

ہم آپ کے جوابات کو بحفاظت رکھتے ہیں

تعلیم کی ڈائریکٹوریٹ اس امر کے لیے ذمہ دار ہے کہ افراد کے بارے میں اکٹھی کی جانے والی تمام معلومات پر 'ذاتی تفصیلات کے قانون GDPR ' کے تقاضوں کے مطابق کارروائی کی جاۓ۔ سروے کے نتائج خود بارنے ہاگے، بارنے ہاگے کے مالک اور ریاستی حکام تعلیم کو دکھانے کے بارے میں بہت کڑے اصول واجب ہیں۔ جن سوالات کے جواب صرف چند لوگ دیں، وہ نہیں دکھاۓ جاتے۔ یہ اس لیے کیا جاتا ہے کہ جواب دینے والے افراد کی بالواسطہ پہچان کا خطرہ کم رہے۔

بارنے ہاگے یہ نہیں دیکھ سکتا کہ کس نے کیا جواب دیا ہے۔ جب سروے مکمل ہو گا تو ڈیٹا پراسیسر آپکے جواب اور آپ کے نام کے درمیان تعلق ختم کر دیتا ہے۔ سروے سے حاصل ہونے والی معلومات کو کبھی اس طرح شائع نہیں کیا جاۓ گا جس سے کسی ایک ماں یا باپ کے جوابات کو پہچاننا ممکن ہو جاۓ۔

 

سروے کے نتائج ان شماریات میں بھی استعمال ہوں گے جو تعلیم کی ڈائریکٹوریٹ تیار کرتی ہے اور یہ بارنے ہاگے کے معیار کی بہتری کے لیے بلدیہ/کاؤنٹی گورنر کے کام میں استعمال ہو سکتے ہیں۔ کچھ نتائج کو barnehagefakta.no اور Udir کے شماریات کے صفحے پر اعداد و شمار کی صورت میں شائع کیا جاتا ہے۔ جب تحقیقی مقاصد کے لیے درکار بنیادی ڈیٹا فراہم کیا جاۓ تو محققین کو ڈائریکٹوریٹ کے رازداری کے ضوابط کا پابند کیا جاتا ہے اور انہیں رازداری کے عہد پر دستخط کرنا ہوتے ہیں۔

 

کیا آپ کوئی سوال پوچھنا چاہتے ہیں؟

 

مزید معلومات کے لیے اپنے بارنے ہاگے سے رابطہ کریں۔آپکو  www.udir.no/undersokelserپر بھی بہت سی معلومات ملیں گی۔ تعلیم کی ڈائریکٹوریٹ کارروائی کے لیے ذمہ دار ہے:post@udir.no

آپ تعلیم کی ڈائریکٹوریٹ میں تحفظ ذاتیات کے اومبڈزمین سے بھیpersonvernombud@udir.no  پر رابطہ کر سکتے ہیں